دمشق صحرا کے کنارے دریائے بردیٰ سے سیراب غوطہ نخلستان میں پروان چڑھا۔ آرامیوں، ایرانیوں، یونانیوں اور رومیوں سب نے یہاں حکومت کی، اور پرانے شہر کی "سیدھی گلی" میں رومی نقشہ آج بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
661 عیسوی میں امیر معاویہؓ نے دمشق کو اموی خلافت کا دارالحکومت بنایا۔ خلیفہ ولید بن عبدالملک نے 705 سے 715 عیسوی کے درمیان جامع مسجد بنوائی اور اسے باغوں اور دریاؤں کی سنہری پچی کاری سے سجایا۔
سلطان صلاح الدین ایوبی، جنہوں نے 1187 میں بیت المقدس واپس لیا، جامع اموی کے پہلو میں دفن ہیں۔
